راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع آواران کے قریب جمعرات کی شب دہشت گردوں سے جھڑپ میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جب کہ ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 اور 22 اپریل کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے آواران کے قریب کاہان کے جنرل علاقے میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ حملے کو کامیابی سے پسپا کرنے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب قریبی پہاڑوں تک کیا گیا۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو روکنے کے لیے قائم کردہ بلاکنگ پوزیشنوں میں سے ایک پر دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جھڑپ کے دوران سرزمین کے ایک بہادر فرزند میجر شاہد بشیر نے شہادت کو گلے لگا لیا اور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے ایک اور سپاہی زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔