اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے منگل کو کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے مقدمے میں پنجاب پولیس کی جانب سے درج کی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) قابل قبول نہیں۔
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان پر حملے کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران پر حملے کی ایف آئی آر متاثرین کی خواہش کے مطابق ہونی چاہیے اور درج ایف آئی آر قابل قبول نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ جمعرات کو وزیر آباد سے شروع ہوگا لیکن وہ حتمی تاریخ نہیں بتا سکتے کہ یہ کب اسلام آباد پہنچے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بہت سی چیزیں بدل رہی ہیں اس لیے وہ تاریخ نہیں دے سکتے۔ قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ ایف آئی آر پر ہے کیونکہ درخواست گزار کی بات سنے بغیر مقدمہ درج کیا گیا۔