اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی متعدد جامعات کو بند کردیا گیا ہے۔
جن یونیورسٹیوں کو بند کیا گیا ہے ان میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، بحریہ یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)، فاسٹ نیشنل یونیورسٹی اور کامسیٹس یونیورسٹی شامل ہیں۔
اس سلسلے میں باضابطہ سرکلر جاری کر دیا گیا ہے اور یہ تمام یونیورسٹیاں آن لائن کلاسز میں منتقل ہو گئی ہیں۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طلباء 11 نومبر بروز جمعہ تک آن لائن کلاسز میں شرکت کریں گے۔ چونکہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹیاں ہوتی ہیں اس لیے کلاسز کی بحالی کا فیصلہ اتوار کی شام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔