لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے استنبول کے لیے پروازیں شروع کر دیں۔ منگل کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی پرواز نے اڑان بھری۔
ایئر لائن اب پاکستان سے استنبول کے لیے ہفتہ وار چھ پروازیں چلائے گی اور پاکستانی مسافر پی آئی اے-ترکش ایئرلائنز کوڈ کے تحت یورپ، برطانیہ اور امریکا کے 28 شہروں کے لیے پرواز کر سکیں گے۔
پی آئی اے نے رواں سال پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر استنبول کے لیے پروازوں کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور فلائٹ آپریشن سے عوام کے درمیان رابطے میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے مسافروں کی سہولت کے لیے اپنی خدمات کو بہتر بنانے اور اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ تقریب میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اے وی ایم عامر حیات، چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پی آئی اے اسلام آباد سے 4 اور لاہور سے 2 پروازیں چلائے گی۔ استنبول ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز کو واٹر گن کی سلامی دی گئی۔ سی ای او ترکش ایئر لائنز بلال عکسی اور استنبول حکام نے سی ای او پی آئی اے اور طیارے میں موجود مسافروں کو خوش آمدید کہا۔