کراچی: ملک سے سود کے نظام کے خاتمے اور اس سمت میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے 30 نومبر کو صبح 10 بجے ایف پی سی سی آئی کے مرکزی دفتر کلفٹن کراچی میں ایک سیمینار منعقد ہوگا۔
یہ سیمینار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سنٹر آف اسلامک اکنامکس (CIC) کی جانب سے ربا کے موضوع پر مشترکہ طور پر منعقد کیا جائے گا۔ سیمینار سے سی آئی سی کے چیئرمین مفتی تقی عثمانی، سینئر بینکرز، معاشی ماہرین اور تاجر برادری کے نمائندے خطاب کریں گے۔
ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر شبیر منشا نے کہا کہ تاجر برادری نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور بعد ازاں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے سود کے نظام کے خاتمے کے ارادے کو بھی سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس سمت میں عملی طور پر ایک طریقہ کار اور ترقی کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے یہ سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے، تاکہ ماہرین سے رائے لی جا سکے۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور موجودہ گورنر کے پی سیمینار میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ اس سیمینار میں شرکت کے لیے کراچی آئیں گے۔ سیمینار میں بہت سے علمائے کرام بھی شرکت کریں گے۔