نوشہرہ: یہاں اکوڑہ خٹک تھانے کی حدود میں مرکزی جی ٹی روڈ پر عراق آباد کے علاقے میں ہفتہ کو موٹر سائیکل پر سوار عسکریت پسندوں نے پولیس کی گشتی پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر خان گنڈا پور نے کہا کہ سوریا خیل پولیس چوکی کے پولیس اہلکار معمول کی گشت کر رہے تھے کہ شام 7 بجے کے قریب عسکریت پسندوں نے ان کی وین پر فائرنگ کر دی جس سے تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل منظور خان، کانسٹیبل امان اللہ خان اور وین کے ڈرائیور ایاز خان کے نام سے ہوئی ہے۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ پہنچا دیا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ سے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا۔
دریں اثناء کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ صحافیوں کو ایک واٹس ایپ پیغام میں ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے کہا کہ حملے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے۔