راولپنڈی: کمانڈر یونائیٹڈ اسٹیٹس سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے جمعرات کو یہاں جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں کمانڈر سینٹ کام نے سی او اے ایس سے ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور سیکورٹی تعاون بالخصوص فوجی سے فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مہمان خصوصی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں، سیلاب سے نجات اور علاقائی امن کے لیے تعاون کا اعتراف کیا۔
سینٹ کام کے سربراہ کو پاکستان افغانستان سرحد پر انسداد دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔
گزشتہ ماہ کی 29 تاریخ کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر کے ساتھ اعلیٰ امریکی فوجی قیادت کی یہ پہلی براہ راست بات چیت تھی۔