لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد پرویز الٰہی کا بیان حلفی وکیل علی ظفر کے حوالے کردیا۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کے حکم پر پرویز الٰہی سے انڈر ٹیکنگ کے لیے رابطہ کیا جس پر انہوں نے انڈر ٹیکنگ لکھ کر مونس الٰہی کے حوالے کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الٰہی نے زمان پارک میں عمران خان، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور بیرسٹر علی ظفر سے ملاقات کی اور عمران خان سے مشاورت کے بعد مونس نے بیرسٹر علی ظفر کو انڈر ٹیکنگ سونپ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں پرویز الٰہی کا دستخط شدہ بیان حلفی پڑھ کر سنایا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے لاہور ہائی کورٹ کو عہدے پر بحال ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد عدالت نے گورنر بلیغ الرحمان کا حکم معطل کرتے ہوئے پرویز الٰہی اور پنجاب کابینہ کو بحال کر دیا تھا۔ – ایجنسیاں